Bahawalpur Industrial State Project

بہاول پور(اُمیدیں ٹائمز) وفاقی وزیر تعلیم انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ بہاول پور میں 500ایکڑ اراضی پر انڈسٹریل اسٹیٹ پراجیکٹ کے قیام کے لیے ابتدائی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس اہم منصوبہ کا سنگ بنیاد جنوری2018ء میں رکھا جائے گا جبکہ فروری کے مہینہ میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے پلاٹس کی الاٹمنٹ کا کام شروع کیا جائے گا۔ وہ آج بہاول پور اکنامک ڈویلپمنٹ فورم کے ایک وفد سے بات چیت کررہے تھے۔ وفد میں ڈاکٹر رانا محمد طارق خان، امیر یوسف علی خان، میاں شاہد اقبال، برہان فرید، ڈاکٹر عمیر اور جاوید اقبال شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ بہاول پور انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام اس خطہ کے صنعتکاروں کا دیرینہ مطالبہ تھاجسے حکومت پنجاب اور پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے اشتراک سے پورا کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے چار مختلف پلان تجویز کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ میں فوڈ اینڈ بیوریجز ، کیمیکل اینڈ کیمیکل پراڈکٹ ، فارماسیوٹیکل، ٹیکسٹائل ، کولڈ سٹوریج، لیدر پراجیکٹ، ملک اینڈ ڈیری پیکجنگ اور پیپر اینڈ پراڈکٹ شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہاول پور انڈسٹریل اسٹیٹ کی نیشنل ہائی ویزN-5 سے رسائی رکھی گئی ہے اور یہ بہاول پور شہر سے12کلومیٹر ، ائرپورٹ سے 15کلومیٹر اور ریلوے اسٹیشن سمہ سٹہ سے 6کلومیٹر فاصلہ پر موضع آغا پور میں واقع ہوگی۔ وفاقی وزیر تعلیم نے مزید بتایا کہ بہاول پور انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے 483ایکڑ سرکاری اراضی غیر آباداور ریتلی زمین کے ٹیلے ہیں جبکہ 22ایکڑ پرائیویٹ اراضی کے حصول کے لیے کام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقہ میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام سے ترقی و خوشحالی کے نئے باب کا آغاز ہوگا اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

About The Author

Weekly Newspaper “Umeedain Times” Bahawalpur.

Leave a Reply

Your email address will not be published.